پنجاب کے177 ریسٹ ہاؤسز عوام کیلئے کھول دیئے گئے



پنجاب میں سرکاری عہدیدار ان کے زیر استعمال مختلف محکموں کے 177 ریسٹ ہاؤسز کو عام عوام کے لئے کھول دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹر پرپیغام جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں مختلف محکموں کے 177 ریسٹ ہاؤسز کو، جو کہ پہلے سرکاری عہدیدار صرف اپنے ذاتی استعمال میں رکھتے تھے، عام عوام کے استعمال کے لئے کھول دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سےحاصل ہونے والی آمدن سے ناصرف ملحقہ علاقوں کی کمیونٹی ڈویلپمنٹ کےلیے فنڈز جمع ہوں گے بلکہ ریسٹ ہاؤسز کی دیکھ بھال بھی ہو گی۔

یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں سیاحت کے فروغ اور ترقی سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نجی شعبہ سیاحت کے فروغ کے لیے کردار ادا کرے، سیاحتی زونز کے قیام میں ماحول اور قدرتی حسن کو مد نظر رکھا جائے، ویب سائٹ پر مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے تفصیل دی جائے۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا تھا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔